مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جج مظاہر علی نقوی جیسے کرداروں کی وجہ سے پاکستان آج اس مقام پر پہنچا ہے اس میں کوئی شک نہیں انہی کرداروں کی وجہ سے پاکستان سنبھلنے کا نام نہیں لے رہا۔
میاں نواز شریف نے کہا کہ آڈیو لیکس کا بھر پورنوٹس لینا چاہیے اور اگرجج کیخلاف اب بھی کیس سپریم جیوڈیشل کونسل میں نہیں بھیجنا تو پھر میرا نام بھیج دیں جہاں اتنے الزام مجھ پر پہلے لگائے ہیں اس کو بھی مجھ پر ڈال دیں۔
قائد مسلم لیگ نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ تباہی کا ذمہ دار گینگ آف فائیو ہے اور اسی گینگ آف فائیو کیوجہ سے پاکستان کی آج یہ بری حالت ہے اور پاکستان کے برے معاشی حالات قابو میں نہیں آرہے۔
اس موقع پر میاں نواز شریف نے کہا کہ جن لوگوں نے پاکستان کی تباہی میں بھرپور کردار ادا کیا اگر آج بھی انکا احتساب نہ ہوا تو یہ بہت بڑی ناانصافی ہوگی جن پانچ کرداروں نے پاکستان کو یہاں تک پہنچایا ہے انکو معافی نہیں ملنی چاہیے۔
قائد ن لیگ نے کہا کہ ان پانچ کرداروں نے میرے ساتھ نہیں بلکہ پوری قوم کیساتھ زیادتی کی ہے مظاہر علی نقوی جیسے کرداروں کو بچ کر نہیں جانا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں میاں نواز شریف نے کہا کہ میرا مطالبہ کل بھی وہی تھا اور آج بھی وہی ہے میں اپنے اصول اور موقف پرجیسے پہلے ڈٹا ہوا تھا آج بھی ڈٹا ہوا ہوں۔
میاں نوازشریف نے کہا کہ میرے چار برس کا موازنہ اور مقابلہ عمران خان کے چار برس کیساتھ کرلیا جائے کہ بجلی گیس آٹا سبزیاں چینی سمیت دیگر چیزیں کب سستی تھیں فیصلہ قوم کرلے کہ حالات کس کے دور میں اچھے تھے۔