اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — امریکی جریدہ “بلومبرگ” کے مطابق بینک آف امریکا نے پاکستان میں سیاسی غیر یقینی میں کمی اور ممکنہ درجہ بندی میں بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے 70 سے 75 ڈالرز کی موزوں قدر کے ساتھ پاکستان کے ڈالر بانڈ کا درجہ مارکیٹ ویٹ سے بڑھا کر ہیوی ویٹ کرنے کی تجویز دے دی ہے۔
بینک آف امریکا کے مطابق پاکستان کے ڈالر بانڈز کا بھاؤ فی الحال سال 2026 کیلئے 77 ڈالر ہے، پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات نے سیاسی بےیقینی کو کم کیا ہے جس سے پاکستان کی ریٹنگ بہتر ہو سکتی ہے جبکہ پاکستان کے ڈالر بانڈ میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
بلومبرگ نے لکھا ہے کہ پاکستان کیلئے پالیسی کے حوالہ سے خدشات بدستور موجود ہیں جو کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اپریل میں متوقع نئے پروگرام سے دم توڑ سکتے ہیں، پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے مابین نیا پروگرام پاکستان کیلئے عالمی سطح پر اعتماد میں اضافہ کرے گا۔
نیو یارک میں قائم بین الاقوامی سطح کی نیوز ایجنسی کے مطابق پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری کے حوالہ سے وفاقی کابینہ کی تشکیل بھی اہم ہو گی کیونکہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر عملدرآمد کیلئے کابینہ کی صلاحیت پر نظریں مرکوز رہیں گی۔