نئی دہلی (تھرسڈے ٹائمز) — بھارتی ریاست پنجاب کے آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، سدھو کے والد نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نومولود بچے کی تصویر جاری کی ہے جبکہ پسِ منظر میں آنجہانی گلوکار کی تصویر بھی نظر آ رہی ہے جس پر لکھا ہے کہ لیجینڈز کبھی مرتے نہیں ہیں۔
View this post on Instagram
سدھو موسے والا کے والد نے پوسٹ کے ساتھ لکھا ہے کہ سدھو سے پیار کرنے والے لاکھوں اور کروڑوں مداحوں کی دعا سے خدا نے ہمیں سدھو کے چھوٹے بھائی کی نعمت سے نوازا ہے، فیملی صحت مند ہے اور میں تمام خیر خواہوں کی بےپناہ محبتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
آنجہانی بھارتی گلوکار شبھدیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ کی عمر 60 اور والدہ چرن کور کی عمر 58 برس ہے، سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو 28 برس کی عمر میں بھارتی ریاست پنجاب کے شہر مانسا کے گاؤں جواہر میں نامعلوم افراد کی طرف سے 30 گولیاں برسا کر قتل کر دیا گیا تھا جبکہ سدھو موسے والا اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھے۔

سدھو موسے والا کے مداحوں نے ان کے والد کی انسٹا گرام پوسٹ پر بیٹے کی پیدائش کے حوالہ سے خوشی کا اظہار کیا ہے اور انہیں مبارکباد دی ہے جبکہ کچھ مداحوں نے بچے کی پیدائش کو سدھو موسے والا کے دوسرے جنم سے بھی تشبیہ دی ہے۔