آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی عوام اور فوج ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ یاد رکھیں! ریاست کا محور پاکستانی عوام ہیں۔ ہمارا مستقبل اور ہماری ترقی کا انحصار باہمی ہم آہنگی، جمہوریت اور آئین پر عمل درآمد میں ہے۔
جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان بہادر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہم اپنی عظیم قوم کی حمایت سے ملک کے اندر اور باہر موجود دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا دینگے پاکستان میں دہشتگردوں اور انکے سہولتکاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ تمام اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو پیغام ہے کہ ہم اپنے وطن اور اپنی آنیوالی نسلوں کے مستقبل کو مستحکم اور محفوظ بنانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پیغام ان تمام لوگوں کے لیے ہے جو ہمیں اچھی طرح جانتے ہیں اور ان لوگوں کے لیے بھی جوہمیں نہیں جانتے کہ عزم اور لچک ہمارے نیشنل فائبر کا سب سے نمایاں وصف ہے۔