واشنگٹن—تحریکِ انصاف کے راہنما شہباز گل نے خود کو امریکہ میں تحریکِ انصاف کے غیر ملکی ایجنٹ کے طور پر رجسٹر کروا لیا ہے، یہ رجسٹریشن امریکی فارن ایجنٹ رجسٹریشن ایکٹ کے تحت کی گئی ہے جبکہ امریکی ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس کی جانب سے رجسٹریشن نمبر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
شہباز گل نے 11 مئی کو دستاویزات جمع کروائیں جس میں ان کا تحریری بیان بھی شامل تھا، انہوں نے متعلقہ حکام کو 19 اپریل سے 9 مئی تک امریکہ میں تحریکِ انصاف کیلئے اپنی 9 ملاقاتوں کی تفصیلات بھی فراہم کیں، شہباز گل کے مطابق ان ملاقاتوں میں امریکی شہریوں کو پاکستان میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔
دستاویزات میں شامل تحریریں بیان میں شہباز گل نے تحریکِ انصاف کے غیر ملکی ایجنٹ کے طور پر اپنے خیالات، ارادوں اور طریقہ کار سے اگاہ کیا۔ تحریری بیان کے مطابق وہ تحریکِ انصاف کے ایجنٹ کے طور جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے امریکہ میں شہریوں اور حکام کو پاکستان کے عوام کی رائے اور تحریکِ انصاف کی سیاسی جدوجہد کے متعلق آگاہ کیا کریں گے۔
شہباز گل نے تحریری بیان میں یہ مؤقف بھی اپنایا ہے کہ وہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں، امریکی کانگریس کے اراکین، امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ، امریکی جسٹس ڈیپارٹمنٹ اور دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان میں طرزِ حکمرانی کو بہتر بنانے اور جمہوری و سیاسی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف لوگوں کو آگاہ کرنے کیلئے مہم بھی چلائیں گے۔ شہباز گل نے لکھا کہ وہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھی شریک ہوں گے۔