میامی—دنیا کے بہترین فٹبالر سمجھے جانے والے لیونل میسی نے امریکی فٹبال کلب ”انٹر میامی“ کو فتوحات کی راہ پر گامزن کر دیا، انٹر میامی تاریخ میں پہلی بار ناک آؤٹ ایونٹ ”لیگز کپ“ کی فاتح بن گئی۔
انٹر میامی نے فائنل میں ”ناشویل“ کو شکست دے کر امریکہ میں فٹبال کلبز کے سب سے بڑے ناک آؤٹ ایونٹ “لیگز کپ” کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا، لیونل میسی ایونٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے اور ایونٹ میں سب سے زیادہ گولز سکور کرنے والے کھلاڑی کا ایوارڈ بھی جیت لیا۔
فیصلہ کن میچ کے 23ویں منٹ میں لیونل میسی نے شاندار گول سکور کر کے انٹر میامی کو برتری دلا دی تاہم 57ویں منٹ میں فافا پیکاولٹ کے گول نے سکور برابر کر دیا، پہلے 90 منٹس کا کھیل ایک ایک گول سے برابر رہنے کے بعد ایکسٹرا ٹائم کے دونوں ہاف کسی گول کے بغیر برابر رہے، پینلٹی شوٹ آؤٹ میں انٹر میامی نے ناشویل کو 9 کے مقابلہ میں 10 پینلٹیز سے شکست دے دی،
ارجنٹینا کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان اور فٹبال کے عالمی کپ کے چیمپئن لیونل میسی نے رواں ماہ جون میں امریکی فٹبال کلب ”انٹر میامی“ میں شمولیت اختیار کی۔
لیونل میسی کی جولائی میں امریکہ آمد سے قبل انٹر میامی ٹیم بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فٹبال کلبز میں شامل تھی جو اپنے آخری 11 میچز میں سے کسی ایک میں بھی جیت نہیں پائی تھی۔
لیونل میسی کی شمولیت نے سابق برطانوی فٹبالر ڈیوڈ بیکھم کے کلب انٹر میامی کی تقدیر ہی بدل دی، میسی نے اب تک 7 میچز کھیلے ہیں اور ان تمام میچز میں انٹر میامی کو فتح نصیب ہوئی ہے جبکہ میسی نے ان 7 میچز میں 10 گولز سکور کیے ہیں۔