لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — عام انتخابات کے موقع پر ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے میڈیا کے ساتھ خصوصی گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں گھروں سے نکلیں اور اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔
نواز شریف نے کہا، ان شاء اللہ، ووٹ دینے سے مہنگائی کا خاتمہ ہوگا اور عوام خوشحال ، زندگی گزار سکیں گے۔ ہمارے معاشرے میں گالی گلوچ کا کلچر پروان چڑھایا گیا، لوگوں کے خوابوں کو بکھیرا گیا، ہمارے معاشرے میں جو بگاڑ پیدا کیا گیا اس کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ لوگوں کی تمناؤں اور خوابوں کو پورا کیا جا سکے۔
نواز شریف نے اپنے منشور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی عوام کے حقوق کو تفصیل سے بیان کرتی ہے اور وہ حقوق کو عوام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
مخلوط حکومت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں، نواز شریف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ خدا کا واسطہ ہے مخلوط حکومت کی بات نہ کریں، ملک کے مسائل کے حل کے لیے ایک پارٹی کو اکثریت ملنا بہت ضروری ہے۔ ایک پارٹی کو پورا مینڈیٹ ملنا چاہیے تاکہ اسکا دوسروں پر انحصار اور دارومدار ن ہو تاکہ ملکی مسائل حل ہوسکیں۔
مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب بنائے جانے کے سوال پر، نواز شریف نے کہا کہ اس کا فیصلہ انتخابی نتائج کے بعد کیا جائے گا اور پارٹی اس بارے میں فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے مریم نواز، شہباز شریف اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی جدوجہد اور قربانیوں کا ذکر کیا جنہوں نے مشکل وقت میں پارٹی کی مدد کی۔