اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما مراد علی شاہ نے نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اس قابل ہی نہیں ہیں کہ کوئی حکومت چلا سکیں۔
سابق وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے ساڑھے تین سالہ دورِ حکومت میں کبھی سندھ کی صوبائی حکومت کو دستیاب نہیں ہو سکے، وہ بطور وزیراعظم جب بھی سندھ آتے تھے تو مجھے بطور وزیرِ اعلٰی ائیرپورٹ آنے کی اجازت تک نہیں ہوتی تھی، میں سیاسی و جمہوری اصول و ضوابط کی پیروی کرنا چاہتا تھا مگر عمران خان بطور وزیراعظم کبھی اس کی اجازت نہیں دیتے تھے بلکہ پہلے سے چند افراد کی ایک لسٹ بھیج دیتے تھے کہ بس یہی افراد آئیں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے دورِ حکومت میں کبھی صوبہ سندھ کی حکومت کو دستیاب نہیں رہے، ایک دو بار فون کال پر بات ہوئی تو گرما گرمی کے بعد فون کالز بند کر دی گئیں لیکن اس کے برعکس شہباز شریف نے بطور وزیراعظم اچھا رویہ اختیار کیا، شہباز شریف میری بات سنتے تھے، شہباز شریف نے سیلاب کے دوران بھی سندھ کے دورے کیے جبکہ 2020 کے سیلاب کے دوران عمران خان بطور وزیراعظم سندھ آئے ہی نہیں تھے۔
سابق وزیر اعلٰی کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف بطور وزیراعظم ہمیں ساتھ لے کر چلنا چاہتے تھے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اختلافات کے باوجود شہباز شریف نے ہمیشہ سندھ حکومت کو اہمیت دی اور ہماری بات کو سنا گیا۔