اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن ’’آئی کیوب قمر‘‘ چاند کے مدار میں داخل ہو گیا۔
پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن ’’آئی کیوب قمر‘‘ 3 مئی کو چین کے ’’ہینان سپیس سٹیشن‘‘ سے خلا میں روانہ کیا گیا تھا جو آج پانچویں روز کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہو چکا ہے جس کے ساتھ ہی پاکستان چاند کے مدار میں سیٹلائٹ بھیجنے والا دنیا کا چھٹا ملک بن گیا ہے۔
آئی کیوب قمر کی ڈپلائمنٹ کے بعد تقاضوں کے مطابق تمام ذیلی نظاموں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ سیٹلائٹ امیجنگ سسٹم کے آپریشنل ہونے سے قبل تمام ذیلی نظاموں کے جائزہ اور تصدیق میں قریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے جس کے بعد پہلی بار ’’آئی کیوب قمر‘‘ سے چاند کی تصاویر 15 یا 16 مئی کو موصول ہونے کے امکانات ہیں۔
پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن ’’آئی کیوب قمر‘‘ تین سے چھ ماہ تک چاند کے مدار میں گردش کرے گا اور اس دوران چاند کی سطح کی تصاویر لے گا، رپورٹس کے مطابق ’’آئی کیوب قمر‘‘ آج پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر چودہ منٹس پر چاند کے مدار میں داخل ہوا ہے جبکہ اس کے تمام کنٹرول سسٹمز اور دیگر نظام درست کام کر رہے ہیں۔