اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں سعودی سرمایہ کاروں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان سے رمضان کے آخری ہفتہ میں ملاقات ہوئی انکے ویژن سے بہت متاثر ہوا۔ انکی وجہ سے سعودی عرب کی معیشت بہت تیزی سے ترقی کرہی ہے اور سعودی عرب تیزی سے ترقی کرنیوالے ممالک کی فہرست میں شامل ہوچکا ہے۔ اس موقع پر سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری ابراہیم المبارک اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج سعودی سرمایہ کاروں سے سن کر بڑی خوشی ہوئی کہ ایس آئی ایف سی ماڈل سے وہ بہت خوش ہیں اور ان کو اس پر بہت اعتماد بھی ہے اور وہ اس سے مطمئن بھی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ وقت بہت قریب آرہا ہے جب ہم اربوں ڈالرز کے سرمایہ کاری کے معاہدے بہت جلد ہوتے دیکھنے جارہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سعودی سرمایہ کاروں کا دورہ کامیاب بنانے کیلئے جنرل عاصم منیر کا خصوصاً شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نےسعودی سرمایہ کاروں کا دورہ کامیاب بنانے کیلئے انتھک محنت اور سپورٹ مہیا کی۔
اس موقع پر نائب وزیر سعودی سرمایہ کاری ابراہیم المبارک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا دوست اسٹریٹجک پارٹنر اور ہمارا اپنا ملک ہے۔ سعودی پرائیویٹ سیکڑ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بہت زیادہ دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف آپ کی اور ولی عہد محمد بن سلمان کی عظیم قیادت میں ہم بڑے کام کرسکتے ہیں۔