لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور نامزد وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیرِ اعلٰی ہونے کا اعزاز ملا ہے، میں یہ اعزاز پاکستان کی ہر ماں، ہر بہن اور ہر بیٹی کے نام کرتی ہوں، یہ ایک خاتون اور ایک بیٹی کو عزت دی گئی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا پہلا اجلاس آج رائیونڈ میں منعقد ہوا جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر، سینئر نائب صدر اور نامزد وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے خطاب کیا جبکہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے 218 منتخب اراکین شریک ہوئے، مریم نواز شریف نے بطور وزیرِ اعلٰی پنجاب اپنی ترجیحات کے ایجنڈے پر بات کی جبکہ اس اہم میٹنگ میں پنجاب اسمبلی کے پہلے اجلاس اور سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے حوالہ سے حکمتِ عملی پر بھی بات کی گئی۔
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے قائد میاں محمد نواز شریف کو مینڈیٹ دیا اور عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو سب سے بڑی جماعت کے طور پر کامیابی دلائی، میں پاکستان کے عوام، اپنی جماعت کی قیادت اور آپ سب خواتین و حضرات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں کہ آپ سب نے مجھے یہ عزت بخشی اور بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ میں قائد میاں محمد نواز شریف، صدر شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے تمام اکابرین کا شکریہ ادا کرتی ہوں، انشاءاللّٰه ہم اپنی روشن روایات کو قائم رکھتے ہوئے ایک نئے جذبہ، عزم اور خلوص کے ساتھ عوام کی خدمت کے ایک نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں، ہم میاں نواز شریف اور شہباز شریف کے زیر سایہ ان کی راہنمائی اور تجربہ کو ساتھ لے کر چلیں گے اور ان کی پنجاب کو ترقی دینے کی سوچ پر عمل کرتے رہیں گے۔
نامزد وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے 297 حلقے میرے لیے ڈسٹرکٹ ہوں گے، آپ سب ایم پی ایز میرے دست و بازو اور قوت ہوں گے، پنجاب میں ہر حلقہ، ہر ڈسٹرکٹ، ہر یونین، ہر کونسل اور ہر ڈویژن ماڈل ہونا چاہیے، کوئی بھی علاقہ کسی دوسرے علاقے سے کم نہیں ہونا چاہیے اور یہ آپ سب کی ذمہ داری ہو گی۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، امن و امان، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں وسائل کی مساوی انداز میں تقسیم ہو گی، عوامی خدمت کی اپنی روشن روایات قائم رکھیں گے حکومت اور جماعت کی سطح پر ترجیحات کا روڈ میپ مرتب کر لیا ہے، آپ سب کا اعتماد اور آپ سب کی حمایت ہی میرا اصل اثاثہ ہے۔
نامزد وزیرِ اعلٰی پنجاب نے کہا کہ میری پوری کوشش ہو گی کہ میں پنجاب کے عوام اور آپ سب کے اعتماد پر پورا اتروں، اللّٰه تعالٰی سے دعا ہے کہ وہ مجھے اپنی مخلوق کی بہترین انداز میں خدمت کی توفیق، ہمت اور راہنمائی عطا فرمائے۔