بنگلور (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان نے بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 21 رنز سے شکست دے دی۔
بنگلور کے ایم چناسوامی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 401 رنز کا پہاڑ کھڑ کیا، اوپنر بیٹسمین رچن رویندرا نے 94 گیندوں پر 108 رنز سکور کیے جبکہ کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن 79 گیندوں پر 95 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گلین فلپس نے 41 جبکہ مارک چیپ مین نے 39 رنز سکور کیے۔
جواب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گر گئی، اوپنر عبداللّٰہ شفیق 9 گیندوں پر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پہلی وکٹ گرنے کے بعد فخر زمان نے چوکوں اور چھکوں کی برسات کر دی، انہوں نے 11 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے صرف 81 گیندوں پر 126 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی، انہوں نے 63 گیندوں پر سنچری مکمل کی جو کہ کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی طرف سے ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری ہے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 63 گیندوں پر 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے 2 چھکے اور 6 چوکے لگائے اور فخر زمان کے ساتھ 194 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، پاکستان نے مجموعی طور پر 25.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔
پاکستان کی اننگ کے دوران دو مرتبہ بارش کے باعث میچ روکا گیا، پہلی بار بارش کے باعث میچ رکنے سے قبل پاکستان نے 21.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے، ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت پاکستان کو 41 اوررز میں 342 رنز کا ہدف دیا گیا، دوسری بار بارش کے باعث میچ روکا گیا تو پاکستان 25.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنا چکا تھا۔
دوسری بار ہونے والی بارش فیصلہ کن ثابت ہوئی اور پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 21 رنز سے فاتح قرار دیا گیا، اس جیت کے باعث پاکستانی کرکٹ ٹیم سیمی فائنل تک رسائی کی دوڑ میں شامل رہنے میں بھی کامیابی ہوئی ہے تاہم ابھی بھی یہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے میں کئی رکاوٹیں حائل ہیں۔